لبنان میں پاکستان کے سفیر نجیب درانی نے بتایا ہے کہ بیروت میں ہونے والے دھماکوں میں ایک 14 سالہ پاکستانی نوجوان جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوجوان لڑکے کا والد ساجد اور اس کی بہن ابھی تک انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل ہیں جہاں ان کا علاج ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لڑکے کی ماں اور نانی بھی اس دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے، پاکستانی سفارتخانہ متاثرہ خاندان کی دیکھ بھال کی پوری کوشش کر رہا ہے۔
لبنانی ریڈ کراس نے کہا ہے کہ بیروت میں ہونے والے دو دھماکوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 4 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ریڈ کراس نے کہا کہ اب تک 4 ہزار افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 100 سے زیادہ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، ہماری ٹیمیں ابھی تک ملبے کے تلے دبے افراد کی تلاش اور ریسکیو کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ یہ دھماکہ اسقدر شدید تھا کہ 240 کلومیٹر دور سئپرس کے شہر نکوسیا میں بھی سنا گیا اور زلزلہ پیما آلے پر اس کی شدت 3.3 ریکارڈ کی گئی۔