صرف تین ہفتے پہلے تک بھارت میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 10 لاکھ تھی اور آج یہ تعداد 20 لاکھ کا ہندسہ عبور کر گئی ہے جس کی وجہ سے ملک کا ہیلتھ کیئر نظام بری طرح دباؤ میں آ گیا ہے۔
بھارت کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 20 لاکھ 27 ہزار تک پہنچ گئی ہے، اب تک اس وبا کے ہاتھوں 41 ہزار 585 اموات واقع ہو چکی ہیں۔
بھارت دنیا کا تیسرا ملک بن چکا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے، اب تک امریکہ میں 50 لاکھ کے قریب جبکہ برازیل میں 29 لاکھ مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں پہلے 10 لاکھ مریض سامنے آنے میں 6 ماہ لگے تھے، 15 لاکھ تک پہنچنے میں 12 روز جبکہ 20 لاکھ تک پہنچنے میں مزید 9 دن لگے ہیں۔
پورے ملک میں کورونا کے ہاتھوں شدید بیمار افراد کو پبلک اور پرائیویٹ اسپتالوں سے واپس بھیج دیا جاتا ہے کیونکہ بیڈز، اسٹاف اور آلات کی شدید کمی واقع ہو چکی ہے۔
تاہم بھارت کے صحت سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتے مریضوں کی وجہ ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافہ ہے، ان کے مطابق اب تک کورونا کے 68 فیصد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق 29 جولائی سے ملک بھر میں 50 لاکھ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 2 کروڑ 27 لاکھ کورونا ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔