پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے قومی احتساب بیورو کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رائیونڈ میں غیرقانونی طور پر سینکڑوں ایکڑ زمین کی خریداری میں نیب میں پیش ہوں گی۔
ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے وکلا، اہلخانہ اور پارٹی رہنماؤں کی مشاورت کے بعد کیا ہے، نیب نے انہیں 11 اگست کو طلب کیا ہوا ہے۔
نیب نے انہیں کہا ہے کہ وہ ان 200 ایکڑ زمین کی دستاویزات بھی ساتھ لائیں جو مبینہ طور پر انہوں نے 2013 میں رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خرید کی تھی۔
انہیں کہا گیا ہے کہ وہ زمین کی خریدوفروخت کا مکمل ریکارڈ ساتھ لائیں اور اس خریداری کے لیے رقم کے متعلق بھی بتائیں کہ وہ کہاں سے حاصل کی گئی۔
نیب نے سابق ڈی سی اوز نورالامین مینگل اور احد چیمہ کی بھی اس مقدمے میں تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ مئی میں نیب لاہور نے شریف فیملی کی طرف سے رائیونڈ میں سینکڑوں ایکڑ زمین کی خریداری کے متعلق انکوائری شروع کی تھی، معروف جاتی امرا بھی اسی زمین پر تعمیر کیا گیا ہے۔