پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کیمروں کے سامنے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو نیب کے خلاف کوئی بات کرنے سے روک دیا جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر اعلیٰ پنجاب شجر کاری مہم کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے اور ایک صحافی نے نیب کے حوالے سے سوال کیا تو فیاض الحسن چوہان نے ہلکا سا منہ موڑ کر اور آنکھ کھجانے کے بہانے چہرہ چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے عثمان بزدار کے کان میں سرگوشی کی کہ نیب کے خلاف بات نہیں کرنی۔
صحافی کے سوال مکمل ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ میں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی، انکوائری سے نہیں گھبراتا، لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوا، نیب میں بھی پیش ہوں گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ہمارا دامن صاف ہے تو ڈرنے کی ضرورت نہیں، ہر جگہ جائیں گے اورتفصیلات بتائیں گے، ہم نے نہ کوئی غلط کام کیا اور نہ ہی کرنے دیں گے، روزانہ ہزاروں فائلیں ہوتی ہیں، ہرفائل میرے پاس نہیں آتی، تمام معاملات قانون کےمطابق چلارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین اپنا کام کریں ہم بھی اپنا کام کرتے رہیں گے، پنجاب بڑا صوبہ ہے یہ نہیں کہہ سکتا کہ سب اچھا ہے، جہاں جہاں مسائل نظر آتے ہیں کارروائی کرنا ہمارا فرض ہوتا ہے، وزیراعظم نے دورہ لاہور میں ہماری انتظامیہ کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ عوام شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت پرشروع دن سے ہی تنقید کی جا رہی ہے، پروپیگنڈا کرنے والوں کو روز جواب دیتے ہیں۔