صدر ولادیمیر پیوٹن نے اعلان کیا ہے کہ روس نے کورونا کی پہلی ویکسین رجسٹر کرا لی ہے اور ان کی اپنی بیٹی نے یہ ویکسین استعمال کر لی ہے۔
انہوں نے ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک حکومتی اجلاس میں کہا کہ آج صبح دنیا کی پہلی کورونا ویکسین رجسٹر کرا لی گئی ہے۔
یہ ویکسین روس کے گیمیلیا انسٹی ٹیوٹ اور رشین ڈائرکٹ انوسٹمنٹ فنڈ نے تیار کی ہے، گزشتہ ہفتے اس کے ٹرائل کا تیسرا مرحلہ شروع کیا گیا تھا۔
روس کی نائب وزیراعظم تاتانیا گولیکوفا نے اجلاس میں بتایا کہ ڈاکٹرز کو یہ ویکسین اس ماہ کے آخر تک مہیا کر دی جائے گی۔
اس وقت روس میں کورونا کے مریضوں کی روزانہ کی تعداد کم ہو کر 5000 سے نیچے آ چکی ہے، 23 اپریل کے بعد پہلی بار یہ تعداد اسقدر کم ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ ماہرین چند ماہ قبل روس کو کورونا وبا کا نیا مرکز قرار دے رہے تھے اور بہت خوفناک پیش گوئیاں کر رہے تھے جو غلط ثابت ہوئیں۔
روس میں اب تک 9 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 27 ہزار ہے، مریضوں کی تعداد کے حوالے سے روس دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
اس وقت دنیا بھر میں کئی کمپنیاں کورونا ویکسین کی تیسرے فیز میں داخل ہو چکی ہیں، ان میں اسٹرا زینیکا اور موڈرنا دیگر کمپنیوں کی نسبت آگے ہیں۔
کئی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ویکسین کی تیاری کے ضمن میں روس کی جلدبازی ایک خطرناک رویہ ہے۔