پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر خان ترین نے پشاور کے بی آر ٹی منصوبے تکمیل اور اس کے افتتاح کی تاریخ طے ہونے پر خیبرپختونخوا حکومت اور وزیراعلیٰ محمود خان کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ اس پراجیکٹ کے آخری مرحلے میں کسقدر محنت کرنا پڑی ہے، اس پر تمام سیاسی اور بیوروکریٹک ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
جہانگیر خان ترین نے مزید کہا کہ انشااللہ پشاور کے لوگ اس بہترین سروس سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور خیبرپختونخوا کی حکومت بی آر ٹی کے افتتاح کی آنے والی تقریب پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔
یاد رہے کہ بی آر ٹی منصوبے پر ابتدائی طور پر لاگت 49 ارب روپے لگائی گئی تھی۔ جس کے چند ماہ بعد لاگت میں چار ارب کا اضافہ ہوا تاہم سال 2018 کے انتخابات کے بعد نئی حکومت نے لاگت 66 ارب تک پہنچنے کی منظوری دی۔ جس کے بعد گزشتہ سال مزید 4 ارب روپے طلب کرلیے گئے تھے۔