جنوبی چین کے شہر شینزان میں برازیل سے درآمد کیے گئے منجمد چکن ونگز میں کورونا وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
شہری حکومت نے ایک نوٹس کے ذریعے بتایا ہے کہ برازیل سے آنے والے چکن ونگز کے نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا تو اس میں کورونا وائرس موجود تھا۔ چینی حکام نے جون سے ہی درآمد کیے گئے گوشت اور سمندری خوراک کا ٹیسٹ لازمی کر دیا تھا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صحت کے حکام نے ان تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ لیا ہے جو ان چکن ونگز کے قریب رہے تھے، ان کے قریب رکھے گئے خوراک سے متعلق دیگر سامان کو بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے، ان تمام کے نتائج منفی آئے ہیں۔
شینزان کے ایپیڈیمک پریونشن اینڈ کنٹرول ہیڈکوارٹرز نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ انفیکشن کے خطرات سے محفوظ رہنے کے لیے درآمد شدہ گوشت اور سمندی خوراک کے استعمال میں احتیاط کریں۔
چین میں اس سے قبل ایکواڈور سے درآمد کی گئی شرمپس کے پیکٹس میں بھی کورونا وائرس موجود پایا گیا تھا، کئی دیگر شہروں سے بھی سمندری خوراک میں اس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
چین نے جون سے وسط سے برازیل سمیت دیگر کئی ممالک سے گوشت کی درآمد پر پابندی عائد کی ہوئی ہے، ملک کی بڑی بندرگاہوں پر گوشت اور سی فوڈ کے تمام کنٹینرز کی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ چین میں کورونا کا پھیلاؤ بھی ووہان کی سی فوڈ مارکیٹ سے شروع ہوا تھا، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ یہ وائرس مارکیٹ میں فروخت ہونے والے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوا تھا۔