وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ غلط فہمیاں دور ہو گئی ہیں، اگر کوئی کمی بیشی رہ گئی ہے تو وہ کل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورے کے بعد دور ہو جائے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا آزمودہ دوست ہے اور دل کے بہت قریب ہے، پاکستان پہلے سے بھی زیادہ اس دوستی کو لے کر چلے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے، وزیراعظم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مریم نواز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پہلے انہوں نے نواز شریف کی سیاست کو نقصان پہنچایا اور اب وہ شہبازشریف کو بھی اسی مقام پر پہنچانا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز خود نااہل ہو چکی ہیں اس لیے وہ شہباز شریف کو بھی نااہل کرانا چاہتی ہیں، اسی مقصد کے لیے پورے پاکستان سے پتھراؤ گروپ اکٹھا کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جب آپ نیب پر پتھراؤ کریں گے تو جواب میں وہاں سے پھولوں کی پتیاں نچھاور نہیں ہوں گی، مریم نواز نے الزامات کا رخ موڑنے کے لیے ہنگامہ آرائی کی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو استعمال کرنا چاہتے ہیں اور وہ یہ دونوں جماعتیں انہیں استعمال کرنا چاہتی ہیں، دونوں اندر سے بہت سیانے ہیں مگر بھول میں ہیں۔
ان کا مولانا فضل الرحمان کو جاگتے رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے انہیں پہلے بھی استعمال کیا ہے، انہیں صرف این آر او چاہیئے، یا پھر وہ کیسز میں نجات چاہتے ہیں۔