بھارت کے 39 سالہ لیجنڈ کرکٹر ایم ایس دھونی نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ پر کہا ہے کہ تمام لوگوں کی محبتوں اور سپورٹ کا بہت شکریہ، 7:29 پر مجھے ریٹائر سمجھا جائے۔
ایم ایس دھونی نے وضاحت نہیں کی کہ وہ کرکٹ کی کون سی فارمز سے ریٹائر ہوئے ہیں تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق وہ اس سال ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ کھیلیں گے۔
دھونی نے 2004 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا، انہوں نے 350 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 10 ہزار 773 رنز بنائے جو کہ دنیا کا 11واں سب سے بڑا اسکور ہے۔
اپنے طویل کیرئیر کے دوران انہوں نے 90 ٹیسٹ میچ اور 98 ٹی ٹوینٹی میچ کھیلے، انہوں نے ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر 4 ہزار 876 رنز بنائے۔
2014 میں جب انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو ان کی کپتانی میں بھارت آئی سی سی کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر تھا۔
دھونی کو 2007 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا، ان کی کپتانی میں بھارت نے 200 ایک روزہ میچز اور 72 ٹی ٹوینٹی میچ کھیلے، وہ دنیا کے پہلے کپتان ہیں جنہوں نے کرکٹ کی تینوں فارمز میں 50 سے زائد میچز میں کپتانی کے فرائض سرانجام دیے ہیں۔
2011 میں بھارت نے کرکٹ کا عالمی کپ بھی ان کی کپتانی میں جیتا تھا، دنیا بھر کے کھلاڑیوں نے ان کی ریٹائرمنٹ پر پیغامات بھیجے ہیں۔