پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چین کے اہم دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، دو روزہ دورے میں وہ اسٹریجٹک مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کریں گے۔
چین روانہ ہونے سے قبل انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے بتایا ہے کہ وہ چین کے بہت اہم دورے پر جا رہے ہیں، روانہ ہونے قبل انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میرا وفد ملک کی سیاسی اور فوجی قیادت کی نمائندگی کرے گا، امید ہے کہ وزیرخارجہ وانگ یی سے ملاقات دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی۔
دفتر خارجہ نے اس حوالے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور ان کا وفد چینی صوبے ہینان کا دورہ کرے گا جہاں چینی وزیرخارجہ سے ان کے ملاقات ہوں گے، وہ 21 اگست کو وطن واپس آئیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کی طرف سے ان مذاکرات میں اسٹیٹ کونسلر اور وزیرخارجہ وانگ یی شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان کورونا پر تعاون، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مارچ 2019 میں ہوا تھا جس میں فریقین نے سی پیک کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کا عزم کیا تھا۔
شاہ محمود قریشی کے سعودی عرب اور او آئی سی کے متعلق بیانات اور چین کی طرف سے ایک ارب ڈالر قرض دینے کے بعد خارجہ امور کے ماہرین اس دورے کو بہت اہمیت دے رہے ہیں۔