معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان کی جانب سے ایک ٹی وی شو میں ماروی سرمد کے ساتھ بدکلامی پر نیو ٹی وی کو 5 لاکھ کا جرمانہ کر دیا گیا۔
نیو ٹی وی پر جرمانہ پیمرا کی جانب سے شکایت پر عائد کیا گیا۔
پیمرا نے نیو ٹی وی کو متنبہ کرتے ہوئے آئندہ اس طرح کے واقعے سے باز رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
رواں سال 4 مارچ کو نیو ٹی وی کے پروگرام ‘عائشہ احتشام کے ساتھ’ میں مہان مشہور ڈرامہ ‘میرے پاس تم ہو’ کے لکھاری خلیل الرحمان اور ماروی سرمد کی عورتوں کے کردار پر شدید بحث ہوئی تھی۔
ماروی سرمد نے میر خلیل کے سامنے ‘میرا جسم میری مرضی’ کا مشہور نعرہ لگایا تھا جس کے بعد ڈرامہ کے لکھاری نے ماروی سرمد کے بارے میں انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کیے۔
شو کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی جبکہ بہت سے حلقوں نے ڈرامہ نگار کے انتہائی رویہ کی مذمت بھی کی تھی۔
پیمرا کے کونسل آف کمپلینٹس میں چند وکلاء نے چینل کے خلاف شکایات درج کرائیں۔
کونسل کے سامنے ایڈووکیٹ اسامہ خاور گھمن اور بیرسٹر جنت علی کلیار پیش ہوئیں جبکہ ٹی وی چینل کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہمایوں سلیم پیش ہوئے۔
دلائل کے بعد کونسل نے سفارشات کیں کہ چینل پر 10 لاکھ کا جرمانہ اور پیمرا قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی وارننگ دی جائے۔
تاہم مجاز اتھارٹی نے کونسل کی سفارشات میں ترمیم کر کے 5 لاکھ جرمانہ جبکہ دیگر سفارشات پر عمل درآمد کے احکامات جاری کیے ہیں۔